ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل سمندر میں کشتی اُلٹ گئی؛ ایک سمندر میں لاپتہ؛ سات کنارے پہنچنے میں کامیاب

بھٹکل سمندر میں کشتی اُلٹ گئی؛ ایک سمندر میں لاپتہ؛ سات کنارے پہنچنے میں کامیاب

Thu, 04 Aug 2016 06:36:57  SO Admin   S.O. News Service

بھٹکل 4 اگست (ایس او نیوز) بحرعرب کی آتاہ گہرائیوں میں گر کر ایک ماہی گیرلاپتہ ہوگیا، البتہ دیگر سات زندگی اور موت سے جوجتے ہوئے کنارے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے،حادثہ اُس وقت پیش آیا جب  اُن کی کشتی بیچ سمندر میں اُلٹ گئی۔

اطلاع کے مطابق آٹھ ماہی گیروں پر مشتمل ایک کشتی "گرو انوگراہا"  بدھ کی دوپہر دو بجے مچھلیوں کا شکار کرنے بھٹکل بندر سے روانہ ہوئی تھی، شام 4:30 بجے سمندری طوفان میں گھر کر کشتی اُلٹ گئی اور آٹھوں ماہی گیربحر عرب کے وسیع وعریض سمندر میں زندگی اور موت سے جوجنے لگے، مسلسل سات گھنٹوں تک سمندر میں تیرتے ہوئے سات ماہی گیر کافی لمبی مسافت طئے کرتے ہوئےدوسری ایک بوٹ تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے، البتہ ایک ماہی گیرسمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا جس کی شناخت منجوناتھ بابو کھاروی (35) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ رات قریب ایک بجے یہ لوگ "مستی دیپ " بوٹ تک پہنچ گئے ، جس نے ساتوں ماہی گیروں کی حالت دیکھ کر فوری بھٹکل بندر پہنچایا، رات قریب دو بجے یہ بوٹ بندر پہنچی، جہاں سے سیدھے انہیں بھٹکل سرکاری اسپتال پہنچایا گیا۔ ساتوں ماہی گیربے حد تھک کر چور چور ہوگئے تھے۔

جو سات ماہی گیر موت سے لڑتے ہوئے کنارے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں، اُن کے نام یہ ہیں:

پانڈورنگا ناگپا کھاروی (42)، کرشنا چندرکانت کھاروی (26)، ناگیش بابو کھاروی (32)، رمیش ماستی کھاروی (38)، مادیو کرشنا کھاروی (35) ، اجیت گوند کھاروی (26) اور سبھاش کرشنا کھاروی (32)۔

 


Share: